ابنا: خطیب جمعہ تہران نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب میں کہا کہ امریکی فلم جس میں اسلامی مقدسات کی توہین کی گئي ہے علاقے میں اسلامی بیداری کا مقابلہ کرنے کے لئے مغرب کی سامراجی اور عالمی صیہونی پالیسیوں کے تناظر میں بنائي گئي ہے۔ آیت اللہ جنتی نے کہا کہ امریکی فلم جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی گئي ہے مسلمانوں کی کھلی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بیداری کے فروغ کو روکنا اور مغربی ملکوں کے باشندوں کا روزافزوں اسلام قبول کرنا سبب بنا ہے کہ سامراج اور صیہونیت یہ توہین آمیز فلم بنائيں۔ خطیب جمعہ تہران نے کہاکہ امریکی اسلام مخالف توہین آمیز فلم سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور امریکہ اور اسکی سامراجی پالیسیوں کے خلاف ان کی نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔ آیت اللہ جنتی نے کہا کہ دنیا نے بارہا دیکھا ہےکہ متعدد مرتبہ اسطرح سے دین اسلام کی بے حرمتی کی گئي ہے۔آیت اللہ جنتی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عالم اسلام کو تعزیت پیش کی اور علمی میدانوں میں آپ کے جاودانی کارناموں پر روشنی ڈالی ۔ خطیب جمعہ تہران نے کہا کہ مغرب کی جانب سے قوموں کے خلاف اسلام اور انسانیت مخالف اقدامات دنیا میں جاری سامراج اور ظلم و ستم کے خلاف جاری تحریکوں اور سرمایہ دارانہ نظام کے زوال کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ آیت اللہ جنتی نےکہا کہ گيارہ سمتبر دوہزار ایک کے واقعات امریکہ کے لئے بہانہ بنے ہیں کہ وہ دوسرے ملکوں پر حملے کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور عراق پر قبضے سے ان ملکوں کے بے گناہ عوام کے قتل عام، امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں اور امریکی عوام پر ٹیکسوں کے سنگين بوجھ کے علاوہ کوئي اور نتیجہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ خطیب جمعہ تہران نے مغرب اور صیہونیوں کے دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود تہران میں ناوابستہ تحریک کے سولھویں سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ اس نشست کا صحیح منجمینٹ، مکمل سکیورٹی اور مناسب خبری کوریج سے ایران کے تنہا ہونے کے بارے میں مغرب کے سارے دعوے غلط ثابت ہوگئے۔ آیت اللہ جنتی نے پارالمپیک کھیلوں میں ایران کے معذور کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگي کو بھی سراہا۔......./169
13 ستمبر 2012 - 19:30
News ID: 347562
تہران کی مرکزی نماز جمعہ آيت اللہ جنتی کی امامت میں ادا کی گئي۔